بونیر: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ماضی کی دھند چھٹنی چاہیے اور اب وقت ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو عزت، پہچان اور جمہوری اسپیس دیں تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔
بونیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر حساب برابر ہو چکا ہے، اب ملک میں سیاسی استحکام اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو سیاسی اسپیس نہ ملی تو جمہوری عمل متاثر ہو سکتا ہے، اور اس کا براہ راست اثر عوامی اعتماد اور ملکی ترقی پر پڑے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 5 اگست کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست کو بھی ایک ملک گیر پرامن جمہوری تحریک کا اعلان متوقع ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 39 پارلیمنٹرینز کو نااہلی یا سزا کا سامنا کرنا پڑا تو یہ نظام کو غیر مستحکم کر سکتا ہے، اس لیے تمام اداروں کو آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عوام کا اداروں اور عدلیہ پر اعتماد کمزور ہوتا جا رہا ہے، جو کہ جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کیا جائے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔
آخر میں بیرسٹر گوہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی ملک کی بقا، جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے پرعزم ہے اور اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔





