پاکستانتازہ ترین

"تحریک انصاف احتجاج مؤخر کرے، کل کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا دن ہے: امیر مقام”

اسلام آباد: وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست سیاست کا نہیں بلکہ کشمیری عوام سے یکجہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگر اپنا احتجاج کسی اور دن کے لیے رکھتی تو زیادہ بہتر ہوتا۔

وفاقی وزیر نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، جہاں ہزاروں کشمیری شہید اور بے شمار رہنما و نوجوان غیرقانونی طور پر قید کیے جا چکے ہیں۔

امیر مقام نے واضح کیا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت ظلم و جبر کے ذریعے اس تحریک کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مسلسل اجاگر کرتا رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 5 اگست کو اسلام آباد میں خصوصی ریلی نکالی جائے گی، قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ہوگا اور کشمیر کے حق میں قرارداد منظور کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کا دن ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے، اور خطے میں امن کے لیے اس دیرینہ مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کو پیغام دیا کہ بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، لیکن قومی مفادات پر سیاست سے گریز کیا جانا چاہیے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button