پاکستانتازہ ترین

اسلام آباد اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کو تیار محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

ملک بھر میں شدید گرمی اور حبس سے تنگ عوام کے لیے خوشخبری آ گئی ہے! محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے 7 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جو موسم کو خوشگوار بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو اگرچہ دن کے اوقات میں گرمی اور حبس کا راج رہے گا، لیکن شام یا رات کے وقت شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے، جو درجہ حرارت میں واضح کمی کا باعث بنے گی۔

بارش کہاں کہاں؟
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، گجرات، شیخوپورہ، جہلم، اٹک، چکوال، خوشاب، میانوالی اور ڈی جی خان میں بادل برسنے کی نوید سنائی گئی ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے شہریوں کے لیے بھی خوشخبری ہے، جہاں پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، شانگلہ، کوہستان، مہمند، باجوڑ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں اور وزیرستان میں موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔

بلوچستان کے علاقوں میں ژوب، بارکھان، خضدار، کوہلو اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کے امکانات روشن ہیں، جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ہلکے بادل چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

قدرتی نظام کے لیے خوش آئند
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ بارشیں نہ صرف درجہ حرارت کم کریں گی بلکہ زراعت، جنگلات، آبی ذخائر اور قدرتی ماحول کے لیے بھی بے حد مفید ثابت ہوں گی۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button