
میرپور: سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چار دن کے لیے نظر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور کے مطابق ان پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے الزامات کے تحت سولہ ایم پی او (16 MPO) کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث تھے جو امن عامہ کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں، جس کی بنیاد پر انہیں سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ چار روز تک یا تا حکمِ ثانی مقید رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ نظر بندی کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
تاہم، حکام نے واضح کیا ہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی کو قانونی حق حاصل ہے کہ وہ اس فیصلے کو کسی بھی مجاز فورم یا عدالت میں چیلنج کر سکتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کی نظر بندی پر سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے ردعمل کا امکان ہے، جب کہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے سیکیورٹی ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں۔