
اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا، جس کے لیے 32 نکاتی تفصیلی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی شدید قلت پر وزارت داخلہ سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا جائے گا، جس پر اراکین کی جانب سے بحث متوقع ہے۔
قانون سازی کے حوالے سے متعدد اہم بلز ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے، جن میں "پاکستان شہریت ایکٹ میں ترمیم کا بل” اور "ملک میں موٹر گاڑیوں کی صنعت کے فروغ سے متعلق بل” شامل ہیں۔
اس کے علاوہ:
وفاقی دارالحکومت اتھارٹی اور
غذائی تحقیق و ترقی (Food R&D) سے متعلق دو اہم آرڈیننس بھی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔
اجلاس میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایوان کے سامنے رکھی جائیں گی۔
کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے "آسان کاروبار بل” کے تحت
پاکستان ریگولیٹری رجسٹری اور
پاکستان بزنس پورٹل کے قیام کی تجاویز بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران صدر مملکت کے 10 مارچ 2025 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی قرارداد پر بحث ہو گی، جب کہ مختلف توجہ دلاؤ نوٹسز، ترامیم اور دیگر بلز بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
قومی اسمبلی کا یہ اجلاس ملک کی سیاسی، معاشی اور سماجی سمت کے حوالے سے اہم قانون سازی کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔