
لاہور (نمائندہ خصوصی) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب بھر میں 79ویں یوم آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں۔ آزادی کے جذبے سے سرشار شہریوں کی شرکت سے تقاریب مزید رنگا رنگ اور یادگار بنتی جا رہی ہیں۔
پنجاب کے تمام تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر جشن آزادی کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں، جن میں شہریوں، طلباء، اساتذہ، سرکاری افسران اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
گلیاں، بازار، چوک اور سڑکیں سبز رنگ میں رنگ گئیں
صوبے بھر میں جشن آزادی کے سلسلے میں گلیاں، بازار، چوراہے، اور سڑکیں خوبصورتی سے سجائی جا رہی ہیں۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں، جھنڈیوں اور آزادی کے نغموں کی گونج نے فضا کو ملی جذبے سے معمور کر دیا ہے۔
مختلف اضلاع میں تقریبات کا انعقاد
گجرات، خانیوال، ساہیوال، خوشاب، جھنگ، وہاڑی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سرگودھا اور چکوال سمیت دیگر شہروں میں بھی جشن آزادی کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
جہلم میں مشیر صحت کی شرکت
جہلم میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت، اظہر کیانی نے ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی جہاں پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور کئی میٹر طویل قومی پرچم کے ساتھ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں جوش و خروش
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بھی طلباء ملی نغمے، تقاریر، پرچم کشائی اور ریلیوں کے ذریعے آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ عوام کی بڑی تعداد سجاوٹ دیکھنے کے لیے سڑکوں پر موجود ہے۔ بچے خصوصی طور پر جھنڈیوں اور بیجز کے ساتھ تقاریب میں شریک ہو رہے ہیں۔