
میرپور – پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو ہفتے کے روز سماہنی کے علاقے سے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق، سردار عبدالقیوم نیازی ایک ریلی میں شرکت کے لیے سماہنی پہنچے تھے، جہاں انہیں ریلی سے خطاب سے قبل گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں انہیں سیکیورٹی انتظامات کے تحت میرپور منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کی وجوہات میں ممکنہ طور پر 9 مئی کے واقعات کے مقدمات شامل ہیں، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے باضابطہ بیان تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی نے 4 اگست 2021 کو آزاد کشمیر کے 13ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا اور 14 اپریل 2022 تک اپنے فرائض انجام دیے۔ اس وقت وہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر کے طور پر متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے سردار نیازی کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ اقدام آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 5 اگست کو متوقع احتجاجی ریلیوں کے تناظر میں یہ گرفتاری سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔