پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف کا ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان، ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس کے حق کے لیے ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

یہ بات وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ وزیراعظم آفس میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کشمیریوں کے حق کے لیے پاکستان کی مستقل آواز کو بھی اجاگر کیا۔

قبل ازیں، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ایرانی صدر کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستان کی مسلح افواج نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے کابینہ ارکان بشمول نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، اور دیگر اعلیٰ حکام کو ایرانی صدر سے تعارف کرایا۔

اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی وزیراعظم کو اپنے کابینہ ارکان سے متعارف کرایا اور وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے باہمی روابط کو فروغ دینے کے علاوہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ ملاقات پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button