پاکستانتازہ ترین

عمران خان کے وزیراعلیٰ کے پی کو عہدہ چھوڑنے کے بیان پر علی امین گنڈاپور کے ترجمان کا سخت ردعمل

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی و چیئرمین عمران خان کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے بیان پر وزیراعلیٰ کے پی ترجمان فراز مغل نے سخت ردعمل دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی نمائندہ ہے اور جب بھی بانی پی ٹی آئی چاہیں گے، وزیراعلیٰ منصب چھوڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے اس بیان کی علی امین گنڈاپور کی جانب سے کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔

فراز مغل نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کئی مرتبہ واضح کر چکے ہیں کہ کے پی حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ علی امین گنڈاپور وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں اپنے قائد سے ملاقات نہیں کر سکتے، کیونکہ عدالتوں کے احکامات کی پابندی کی جاتی ہے، لیکن آئین و قانون کی پاسداری میں رکاوٹیں موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی ترجمان نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علاقائی سطح پر قبائلی جرگوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا ایک مشاورتی جرگہ بھی منعقد کیا گیا۔ جرگوں کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دیا جائے گا جس سے علاقائی امن میں مزید بہتری آئے گی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن قائم نہیں کر سکتے تو انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، اور گورننس کے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں کسی اور کو موقع دیا جانا چاہیے۔

فراز مغل کے مطابق، خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے اپنے مشن پر کاربند ہے اور عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button