اوورسیزتازہ ترین

کمبوڈیا کا بڑا اعلان: صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ

پھنام پین: کمبوڈیا نے حالیہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ حکومت کے اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ کی سفارتی مداخلت نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری تناؤ کو پرامن حل کی جانب موڑنے میں مدد دی۔

کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صدر ٹرمپ کو امن انعام کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کے بقول، صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کروانے کے ساتھ ساتھ، تجارتی مراعات میں نرمی اور برآمدی ٹیکس میں کمی جیسے اہم اقدامات بھی کیے، جن کے باعث خطے میں استحکام اور اقتصادی بحالی کی راہ ہموار ہوئی۔

نائب وزیر اعظم نے بتایا کہ کمبوڈیا سے ملبوسات اور جوتوں کی برآمدات پر امریکی ٹیکسوں میں 49 فیصد سے 19 فیصد تک کمی ایک بڑا اقتصادی ریلیف ہے، جس سے ہزاروں مقامی صنعت کار مستفید ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں 43 افراد جاں بحق اور 3 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے تھے۔ کشیدگی کے عروج پر صدر ٹرمپ نے دونوں ملکوں کے رہنماؤں سے براہِ راست رابطہ کر کے تجارتی تعلقات کو امن سے مشروط کیا تھا۔

اس کے بعد ملائیشیا میں ہونے والے اہم مذاکرات میں دونوں ممالک نے غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کیا، جس میں ملائیشیا، تھائی لینڈ، کمبوڈیا کے وزرائے اعظم اور امریکا و چین کے سفرا شریک ہوئے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی ملک نے امریکی صدر کو نوبیل انعام کے لیے تجویز کیا ہو — اس سے قبل پاکستان اور اسرائیل بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی کی حمایت کر چکے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button