
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو خیبرپختونخوا میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، ریلی کا آغاز شام 4 بجے حیات آباد ٹول پلازے سے ہوگا اور یہ رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوگی۔ اجلاس میں شریک پی ٹی آئی رہنماؤں نے ریلی میں مختلف اضلاع سے کارکنوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج مہنگائی، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے ہے، جس میں پارٹی کی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔
پارٹی کی مرکزی اور ضلعی تنظیموں کو متحرک رہ کر منظم انداز میں ریلی میں شرکت کی مکمل ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ 5 اگست کو پشاور ایک بار پھر تحریک انصاف کی سیاسی طاقت کا مرکز بنے گا۔