
اسلام آباد: ایران کے صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی صدر گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے تھے، جس دوران انہوں نے مزار اقبال پر حاضری دی اور بعد ازاں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر تفصیلی بات چیت ہوگی اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
مزید براں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
آج شام ایرانی صدر کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس کے دوران صدر مملکت کی جانب سے ان کے اعزاز میں عشائیے کا انعقاد کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے علاوہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاکہ پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جا سکے۔