
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پیش آئے متنازعہ واقعات کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر آئندہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ڈبلیو سی ایل کے "دوہرے معیار” اور "متعصبانہ رویے” پر شدید مایوسی اور سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق، ڈبلیو سی ایل نے ایک ایسی ٹیم کو پوائنٹس دے دیے جو میچز کھیلے بغیر ہی ٹورنامنٹ کا حصہ رہی، جو کہ کھیل کی روح اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان لیجنڈز کی شرکت منسوخ ہونے سے متعلق جاری کی گئی پریس ریلیز کو بھی جانبدار اور دوہرے معیار پر مبنی قرار دیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق، “ڈبلیو سی ایل کی پریس ریلیز میں کھیلوں کو سیاسی مفادات اور محدود کمرشل ترجیحات کے تابع بنا کر چیمپئن شپ کے مقصد کو داغدار کیا گیا۔”
پی سی بی بورڈ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھنے کا علمبردار رہا ہے، اور کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ کے تحت کھیل کے اصولوں کو پامال کرنا افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔
اجلاس میں مزید کہا گیا کہ “ڈبلیو سی ایل کی جانب سے دی گئی معذرت دراصل اس بات کا بلاواسطہ اعتراف ہے کہ میچز کی منسوخی کھیل کے اصولوں کی بنیاد پر نہیں، بلکہ مخصوص قوم پرستی کے بیانیے کے دباؤ پر کی گئی۔”
پی سی بی نے واضح کیا کہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کو کسی ایسے مقابلے میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی جس پر سیاست کا سایہ ہو اور کھیل کی غیر جانبداری کو متاثر کیا گیا ہو۔