
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں 4 سے 7 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں 4 سے 7 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز بارشیں متوقع ہیں، جن سے مقامی نظام زندگی متاثر ہو سکتا ہے۔
پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اسی دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 6 اگست کو بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، خصوصاً پہاڑی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات پر سفر کرنے سے گریز کی سفارش کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق مون سون سیزن رواں سال ستمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ایمرجنسی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔