انٹرٹینمنٹ

موہت سوری کا دلچسپ انکشاف: اہان پانڈے کی پرانی ٹک ٹاک ویڈیوز ’’گھٹیا اور کراہت آمیز‘‘ تھیں

بالی ووڈ کی حالیہ کامیاب فلم ’’سیارا‘‘ کے ہدایت کار موہت سوری نے ایک انٹرویو میں فلم کے مرکزی اداکار اہان پانڈے کے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔ موہت سوری نے بتایا کہ اہان پانڈے نے ٹک ٹاک پر پہلے ’’گھٹیا اور کراہت آمیز‘‘ ویڈیوز بنایا کرتے تھے، جنہیں بعد میں خود ہی ڈیلیٹ کر دیا۔

18 جولائی کو ریلیز ہونے والی ’’سیارا‘‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی اور اہان پانڈے کو راتوں رات سپر اسٹار کی حیثیت دی۔ اس فلم کی ریلیز سے پہلے یش راج فلمز نے اہان کو پروموشنل سرگرمیوں سے دور رکھا تاکہ فلم کا تشخص بہتر بنایا جا سکے۔

ہدایت کار موہت سوری نے بتایا، ’’اہان کی پرانی ویڈیوز دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ وہ ایک مکمل ’چپڑی ٹک ٹاکر‘ تھا، بالکل لفنگا ٹائپ کا لڑکا۔ لیکن فلم سیارا میں اس کا یہ روپ بالکل نہیں ہے، کیونکہ اس کی ضرورت ہی نہیں تھی۔‘‘

موہت سوری نے فلم کی مرکزی اداکارہ انیت پڈا کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان میں مزاح کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے ایک مزاحیہ واقعہ بیان کیا کہ ’’کچھ دن پہلے انیت نے ویڈیو کال پر اپنی ماں کی نقل اتاری جو اسے ماسک نہ پہننے پر ڈانٹ رہی تھیں، میں ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گیا۔‘‘

ہدایت کار نے اہان پانڈے اور انیت پڈا کو نئے دور کے بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ماضی میں کام کرنے والے کئی بڑے ناموں سے کہیں بہتر ہیں۔ موہت سوری کی سابقہ فلموں میں عمران ہاشمی، آدتیہ رائے کپور اور شردھا کپور جیسے ستارے شامل ہیں، جن کے ساتھ انہوں نے بے شمار کامیاب فلمیں بنائیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button