انٹرٹینمنٹ

فواد خان کی گلوکاری میں شاندار واپسی، ’’پروانہ‘‘ نغمہ مداحوں میں مقبول

پاکستان کے معروف اداکار اور گلوکار فواد خان نے گلوکاری کی دنیا میں طویل وقفے کے بعد بھرپور انداز میں واپسی کر کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

فواد خان، جنہوں نے راک بینڈ ای پی (Entity Paradigm) کے ساتھ اپنے موسیقی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اب ویلو ساؤنڈ اسٹیشن کے پلیٹ فارم سے نیا جذباتی نغمہ ’’پروانہ‘‘ پیش کر رہے ہیں۔ یہ نغمہ محبت، دھوکے اور پچھتاوے کے گہرے احساسات پر مبنی ہے، جس میں فواد نے ایک ایسے عاشق کا کردار نبھایا ہے جو بارش میں بھیگی یادوں کے ساتھ اپنے ماضی کی غلطیوں پر ندامت کا اظہار کر رہا ہے۔

نغمے کی ویڈیو بھی خاصی متاثر کن ہے، جہاں بارش کی بوندوں میں عکس بند مناظر گانے کے جذبات کو اور گہرا کر دیتے ہیں۔ اس خوبصورت پیشکش کے پیچھے مشہور ہدایتکار بلال لاشاری کا ہاتھ ہے، جنہوں نے اس پروجیکٹ کو ایک منفرد انداز دیا ہے۔ فواد خان کی مخصوص آواز اور اداکاری نے ’’پروانہ‘‘ کو ایک یادگار شاہکار بنا دیا ہے۔

مداحوں کی جانب سے اس گانے کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے، خاص طور پر وہ مداح جو ای پی کے زمانے سے فواد خان کے مداح ہیں، اپنی پسندیدہ آواز کو دوبارہ مائیک پر دیکھ کر بے حد پرجوش ہیں۔ ایک مداح نے تبصرہ کیا، ’’پہلی بار ویلو کا لنک کلک کیا، صرف اس لیے کہ فواد خان کی واپسی ہوئی ہے۔‘‘ جبکہ ایک اور نے کہا، ’’ای پی کا لیجنڈ واپس آ گیا ہے!‘‘

ویلو ساؤنڈ اسٹیشن کو بھی مداحوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر ایک لیجنڈری گلوکار کو سامنے لا کر موسیقی کے شائقین کو خوش کیا ہے۔

فواد خان کی یہ واپسی ان کے فنی سفر کا ایک نیا اور پرامید باب ثابت ہو رہی ہے، اور موسیقی کے دیوانے ان کی نئی آواز سننے کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button