
لیونارڈو ڈی کیپریو کی اسرائیل میں سرمایہ کاری پر تنازعہ، مداح اور سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید
امریکی اداکار و پروڈیوسر لیونارڈو ڈی کیپریو ایک بار پھر تنازعے کا شکار ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق لیونارڈو ڈی کیپریو اسرائیل کے شہر ہرزلیہ میں ایک پُرتعیش ‘ایکو ہوٹل’ کی تعمیر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جسے تل ابیب کی ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی نے حال ہی میں منظوری دی ہے۔
یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے فلسطین پر تقریباً 22 ماہ سے جاری جنگ مسلط رکھی ہے، جس میں 60 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، اور عالمی اداروں نے اسرائیل کو نسل کشی کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔
لیونارڈو ڈی کیپریو کی اس سرمایہ کاری کا منصوبہ 10 ملین ڈالر کا ہے جس میں ان کے 10 فیصد شیئرز شامل ہیں۔ یہ منصوبہ اسرائیلی کمپنی ’ہگاگ گروپ‘ اور دیگر سرمایہ کاروں کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔
لیونارڈو کی اس سرمایہ کاری پر دنیا بھر میں ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے سخت تنقید کی ہے، اور اسے ’نسل کشی میں بالواسطہ شراکت‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی سماجی کارکن شان کنگ نے ایکس (Twitter) پر لکھا کہ "جب غزہ بھوک اور جنگ سے تباہ ہو رہا ہے، لیونارڈو ڈی کیپریو اسرائیل میں ایک 14 منزلہ ہوٹل بنا رہا ہے”، اور انہوں نے اداکار پر اس بحران میں منافع کمانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔