کھیل

ایشین باکسنگ بورڈ میں پاکستان کی شاندار کامیابی، بھارت کو 18-9 ووٹوں سے شکست

اسلام آباد: کھیلوں کے میدان میں پاکستان نے ایک اور اہم محاذ پر بھارت کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ پاکستان کو بھارت کے خلاف اسپورٹس ڈپلومیسی میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جب پاکستان کے خالد محمود کو ایشین باکسنگ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔

یہ انتخاب تھائی لینڈ میں ایشین باکسنگ کے کانگریس اجلاس میں ہوا، جہاں خالد محمود نے بھارت کے امیدوار اجے سنگھ کو 18 کے مقابلے میں 9 ووٹوں سے شکست دی۔ خالد محمود پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں، اور ان کے انتخاب سے ایشیائی سطح پر پاکستان کی اسپورٹس قیادت پر اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر ٹنگ نے اس کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح پاکستان کو بین الاقوامی کھیلوں میں ایک مضبوط مقام دلوانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ناصر ٹنگ نے مزید کہا کہ خالد محمود کا انتخاب پاکستان کے مثبت امیج اور اسپورٹس ڈپلومیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے، جو خطے میں کھیلوں کے تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button