اوورسیزتازہ ترین

عمران خان کے بیٹے قاسم خان کا اہم بیان: "صدر ٹرمپ ہی والد کی رہائی میں کردار ادا کر سکتے ہیں”

لندن: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وہ واحد عالمی رہنما ہیں جو ان کے والد کے مقدمے پر حقیقی اثر ڈال سکتے ہیں۔

برطانوی صحافی پیئرز مورگن کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں قاسم خان نے بتایا کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے امریکہ میں سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں ٹرمپ کے قریبی ساتھی رچرڈ گرینل سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

قاسم خان نے کہا، "ہم جانتے ہیں کہ والد اور صدر ٹرمپ کے درمیان ماضی میں اچھے تعلقات رہے ہیں۔ جب دونوں اقتدار میں تھے تو ان کے درمیان زبردست بات چیت اور باہمی احترام پایا جاتا تھا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے کسی سطح پر رابطہ کریں یا کوئی بیان جاری کریں، تو وہ عمران خان کی رہائی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

قاسم خان نے اپنے والد سے طویل عرصے سے ملاقات نہ ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین سال قبل آخری بار ان سے ملے تھے اور چار ماہ سے ان سے بات بھی نہیں ہوئی، جسے انہوں نے "انتہائی تکلیف دہ” قرار دیا۔

واضح رہے کہ عمران خان اس وقت متعدد مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور کئی ماہ سے قید میں ہیں، جبکہ ان کی جماعت پی ٹی آئی ان کی رہائی کے لیے ملکی اور عالمی سطح پر آواز بلند کیے ہوئے ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button