
صبا قمر اچانک طبعیت بگڑنے پر آئی سی یو میں داخل
پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر کو ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ صبا قمر کو شوٹنگ کے دوران اچانک بےچینی اور شدید گھبراہٹ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔
طویل شوٹنگ، آرام کی کمی، اچانک طبیعت بگڑنے کی وجہ بنی
قریبی ذرائع کے مطابق صبا قمر کئی گھنٹوں سے بغیر آرام کیے ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹروں نے فوری طبی امداد فراہم کی، اور احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں کچھ وقت کے لیے نگہداشت میں رکھا گیا۔
صبا قمر اب خطرے سے باہر، اسپتال سے ڈسچارج
اسپتال ذرائع کے مطابق صبا قمر کی حالت اب تسلی بخش ہے اور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے اداکارہ کو کچھ دن آرام کرنے اور خود کو مکمل صحت یاب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اداکارہ کا شکریہ اور مداحوں کے لیے پیغام
صبا قمر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسپتال کے عملے کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور نرسز کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا:
"اللہ کا شکر ہے کہ اب میں پہلے سے بہتر محسوس کر رہی ہوں۔ اسپتال کے عملے کا بے حد شکریہ جنہوں نے میری بھرپور دیکھ بھال کی۔ اب میں مکمل آرام کے بعد واپس اپنے کام پر لوٹنے کے لیے پرعزم ہوں۔”
مداحوں کی نیک تمنائیں
اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ صارفین نے صبا قمر کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ کام کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔