
اولڈ ٹریفورڈ واقعہ: پاکستانی مداح کو گراؤنڈ سے نکالنے پر لنکا شائر کاؤنٹی کلب کی معذرت
مانچسٹر (اسپورٹس ڈیسک):
انگلینڈ کے مشہور اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں پاکستانی شرٹ پہننے والے مداح کو گراؤنڈ سے باہر نکالنے کے واقعے پر لنکا شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔
واقعہ چند روز قبل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آیا، جب ایک پاکستانی نژاد شائقِ کرکٹ فاروق نذر کو محض پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہننے پر سیکیورٹی عملے نے گراؤنڈ سے باہر جانے پر مجبور کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، لنکا شائر کلب نے اس واقعے کو "بدقسمت اور غیر ارادی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم اس واقعے سے پیدا ہونے والی کسی بھی پریشانی یا دل آزاری کے لیے دلی معذرت خواہ ہیں۔”
فاروق نذر نے اپنے بیان میں کہا:
"میں پرامن طور پر میچ دیکھ رہا تھا، جب سیکیورٹی نے آ کر کہا کہ اپنی شرٹ ڈھانپو یا گراؤنڈ چھوڑ دو۔”
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کہا گیا کہ گراؤنڈ میں ’پاکستانی ٹیم کی شرٹ‘ پہننا نامناسب ہے۔
کلب کا مؤقف:
لنکا شائر کلب کے ترجمان کے مطابق:
"ہماری پالیسی میں کسی مخصوص ملک کی ٹیم کی شرٹ پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ یہ واقعہ سیکیورٹی اسٹاف کی جانب سے غلط فہمی کا نتیجہ تھا، جسے ہم سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔”
سوشل میڈیا پر شدید ردعمل
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور اسے تعصب قرار دیا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک عالمی کھیل ہے اور اس میں کسی بھی قومیت یا ٹیم کی نمائندگی پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔