
پشاور (کورٹ رپورٹر):
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے انہیں دو ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت فراہم کرتے ہوئے تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔
جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سلمان اکرم راجہ کے خلاف متعدد بے بنیاد مقدمات درج کیے گئے ہیں، اور انہیں بغیر کسی قانونی جواز کے گرفتار کرنے کا خدشہ ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہیں اور ہر مقدمے میں پیش ہونے کو تیار ہیں، تاہم ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات انہیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔
عدالت نے تمام فریقین کا مؤقف سننے کے بعد دو ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے روک دیا، اور تمام مقدمات کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔