
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی):
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کل بروزہفتہ 2 اگست کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، اور یہ ڈاکٹر پزشکیان کا بطور ایرانی صدر پہلا دورۂ پاکستان ہو گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایرانی صدر کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی پاکستان آئے گا۔ دورے کے دوران صدر مسعود پزشکیان صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات بھی ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال 27 مئی کو ایران کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد یہ اعلیٰ سطحی رابطہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔