
پشاور (نمائندہ خصوصی):
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر کے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے، جس کے جرائم کی طویل فہرست بھارت کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کے لیے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے واضح شواہد موجود ہیں، اور یہ شواہد فیٹف حکام کو پیش کیے جائیں گے تاکہ اصل حقیقت دنیا کے سامنے آ سکے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جنگی محاذ پر شکست کے بعد بھارت اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیچھے بھی بھارتی ہاتھ واضح ہے۔
مشیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور عالمی ساکھ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔