
اسلام آباد:
سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے ان کے اپنے ہی قریبی ساتھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اقتدار کے آخری مراحل میں ہیں اور خود کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ انہوں نے قوم کو پہلے ہی امریکا سے متعلق آنے والی مثبت خبر سے آگاہ کر دیا تھا، جو اب سامنے آ چکی ہے۔
واوڈا نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے کچھ "نظریاتی” افراد، جن میں ان کا "دوست” گنڈا پور بھی شامل ہے، بانی چیئرمین کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں اور اپنی وفاداریاں بدل رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد وطن واپس آ کر قوم کو بتائیں گے کہ کس طرح خنجر مارے گئے، سینیٹ میں پی ٹی آئی کی 8 کے بجائے صرف 5 نشستیں کیسے ہوئیں، مراد سعید کو سینیٹر بنانے کی اصل کہانی کیا ہے، اور پارٹی کے اندر مزید نااہلیوں کی تفصیلات کیا ہیں۔
فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اربوں روپے کے لین دین سے متعلق شواہد ان کے پاس موجود ہیں اور وہ عنقریب سامنے لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گنڈا پور اور پارٹی کی جانب سے اداروں کو بدنام کرنے کی مہم بھی ایک منظم منصوبہ ہے۔
آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی اگر ارشد شریف جیسے کسی اور واقعے کی طرف بڑھی تو وہ اسے روکیں گے اور پارٹی کے "خطرناک منصوبے” کو بے نقاب کریں گے۔