
فیصل آباد:
انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد نے 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں سے متعلق دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنماؤں سمیت 108 افراد کو سزائیں سنا دی گئیں، جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا گیا۔
فیصلے کے مطابق عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، سابق وفاقی وزیر زرتاج گل، اور رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔ سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا دی گئی۔
عدالت نے مقدمے میں شامل دیگر 77 ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا۔ عدالت میں فیصلے کے وقت سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ عدالت کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
اس مقدمے میں شامل سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، خیال احمد کاسترو اور زین قریشی کو عدالت نے بری کر دیا۔
عدالت کے اس فیصلے کو پی ٹی آئی کے لیے ایک اور بڑا قانونی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے آئندہ سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔