
ویب ڈیسک:
لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پنجاب میں ریڈ الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق قصور، شیخوپورہ، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ میں آئندہ چند روز کے دوران شدید بارش متوقع ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس سے آس پاس کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
لیہ میں تباہی، دیہات زیرِ آب
ضلع لیہ میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔
کاشتکاروں کو شدید معاشی نقصان کا سامنا ہے، جب کہ ریلیف آپریشن جاری ہے۔
ایبٹ آباد میں افسوسناک حادثہ
این ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد میں ایک مکان کی چھت بارش کے باعث گر گئی، جس کے نتیجے میں دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران اموات کی مجموعی تعداد 289 تک جا پہنچی ہے۔
جاں بحق افراد کی تفصیل
136 بچے
102 مرد
51 خواتین
صوبہ وار اموات کی تفصیل (NDMA رپورٹ):
پنجاب: 158 اموات
خیبر پختونخوا: 64 اموات
سندھ: 28 اموات
بلوچستان: 20 اموات
گلگت بلتستان: 9 اموات
آزاد کشمیر: 2 اموات
اسلام آباد: 8 اموات
NDMA کی ہدایت
NDMA نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نچلے علاقوں سے فوری انخلا کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔