
واشنگٹن / اسلام آباد: پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف تجارت کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ہے بلکہ توانائی کے شعبے میں بھی دو طرفہ اشتراک کی راہیں ہموار کرے گا۔ ان کے مطابق، پاکستان اور امریکہ اب مشترکہ طور پر توانائی، بالخصوص تیل کی تنصیبات کی ترقی پر کام کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ اس وقت ایک بڑی آئل کمپنی کے انتخاب کا عمل جاری ہے، جو اس اہم شراکت داری کی قیادت کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مستقبل میں پاکستان خطے میں توانائی کی برآمدات کا مرکز بن سکتا ہے، اور ممکن ہے کہ ایک دن پاکستان، بھارت جیسے ہمسایہ ممالک کو بھی تیل فروخت کرے۔
یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور معاشی تعاون کی غماز ہے، جو خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے ایک مثبت قدم تصور کی جا رہی ہے۔