پاکستانتازہ ترین

بھارت سے جیت پر دنیا حیران ہے، افواج پاکستان کو اللہ نے عزت دی، وزیراعظم شہباز شریف

بارش سے متاثرہ علاقوں کی بحالی، توانائی شعبے میں انقلابی کامیابیاں، اور فلسطین کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کو اللہ نے عزت بخشی ہے، دنیا آج تک بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر حیران ہے اور پاکستانی فوج کی بہادری کی تعریف کررہی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف جانوں کے نذرانے دے رہی ہیں۔ انہوں نے فخر سے کہا کہ "پاکستان کی فوج نے بھارت کے ساتھ جنگ میں کامیابی حاصل کی، فیلڈ مارشل نے فرنٹ سے جنگ کی قیادت کی، دنیا اس جرات و بہادری پر حیرت زدہ ہے۔”

وزیراعظم نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ پہاڑی اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

توانائی کے شعبے میں حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انقلابی اقدامات کے باعث نمایاں بہتری آئی ہے۔ "وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور اربوں روپے کی بچت ہوئی،” وزیراعظم نے بتایا۔

غزہ میں جاری ظلم و ستم پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ "ایسا مظلوم منظر تاریخ میں کم ہی دیکھا گیا، بچے بھوک سے نڈھال ہیں۔” انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت دی ہے کہ غذائی امداد اردن کے راستے فلسطین روانہ کی جائے، اور اس کنسائمنٹ کو جلد از جلد روانہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریاستِ فلسطین کے حقِ خود ارادیت کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button