پاکستانتازہ ترین

بانی پی ٹی آئی نے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، شیخ وقاص اکرم کا پروپیگنڈے پر ردعمل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے اس تاثر کو مسترد کر دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے روکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کے پاکستان آنے کا فیصلہ اُن کا ذاتی ہے، اور وہ جلد وطن واپس آئیں گے۔

اپنے تازہ بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ "بانی پی ٹی آئی کے بچوں نے والد سے اجازت نہیں لی بلکہ صرف اطلاع دی، اور ان کا یہ فیصلہ خودمختارانہ ہے۔” انہوں نے میڈیا اور مخالفین کو خبردار کیا کہ پروپیگنڈے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس کا کوئی فائدہ نہیں۔

شیخ وقاص نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے بچوں کو وطن واپسی سے منع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے پاکستان آنے کی تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے، تاہم فیصلہ کر لیا گیا ہے اور وہ ضرور آئیں گے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کچھ روز قبل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عمران خان نے مبینہ طور پر اپنے بیٹوں کو پاکستان نہ آنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ وہ کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہ بنیں۔

ذرائع کے مطابق، قاسم اور سلیمان اپنے والد کی رہائی کے لیے پاکستان آ کر تحریک چلانا چاہتے تھے، جس پر عمران خان نے انہیں فی الحال نہ آنے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم، شیخ وقاص اکرم نے ان خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔

سیاسی حلقوں میں اس موضوع پر بحث جاری ہے، جبکہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے بیانات مسلسل سامنے آ رہے ہیں تاکہ حقائق واضح کیے جا سکیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button