اوورسیزتازہ ترین

روس کے مشرقی ساحل پر 8.8 شدت کا شدید زلزلہ، سونامی کی خطرناک لہریں ٹکرا گئیں

ماسکو / پیٹروپاوَلوسک: روس کے مشرقی ساحل پر زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد سونامی کی تباہ کن لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا گئیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی، جو کہ انتہائی خطرناک تصور کی جاتی ہے۔

زلزلے کا مرکز روس کے کمچٹکا جزیرہ نما کے مشرق میں واقع پیٹروپاولوسک شہر سے تقریباً 136 کلومیٹر دور اور زمین سے صرف 19 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ کم گہرائی میں آنے والے اس زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے بڑے پیمانے پر سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں۔

روسی وزیر کے مطابق، کامچٹکا کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 میٹر بلند سونامی لہریں دیکھی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق چند افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، جبکہ مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

سیویرو کورلیسک میں انخلاء کا آغاز

سخالین اوبلاسٹ کے گورنر ویلیری لیمارینکو کے مطابق، کورل آئی لینڈز کے علاقے سیویرو کورلیسک میں زلزلے کے شدید اثرات کے بعد فوری طور پر انخلاء کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی حکام نے امدادی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

سونامی ایڈوائزری جاری، بین الاقوامی الرٹ

زلزلے کے بعد بحرالکاہل کے ساحلی ممالک نے سونامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ انڈونیشیا، جاپان اور فلپائن میں ایمرجنسی وارننگز جاری کر دی گئی ہیں اور شہریوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکہ نے کیلیفورنیا، واشنگٹن، اوریگن، الاسکا اور کینیڈا کے صوبہ برٹش کولمبیا کے لیے بھی سونامی وارننگ جاری کی ہے۔ مقامی حکام نے عوام کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

بین الاقوامی امداد کی پیش کش متوقع

ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اثرات آئندہ چند گھنٹوں میں مزید واضح ہوں گے، اور ممکنہ نقصان کا اندازہ لگانے میں وقت لگے گا۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی امدادی تنظیمیں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ممکنہ امداد کی تیاری کر رہی ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button