اوورسیزتازہ ترین

قاسم خان اور سلیمان خان امریکہ کا اہم دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن واپس پہنچ گئے

لندن: بانیٔ تحریک انصاف کے صاحبزادگان قاسم خان اور سلیمان خان امریکہ کا اہم دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن واپس پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد اپنے والد اور پاکستان کے سابق وزیرِاعظم کی رہائی کے لیے بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل کرنا تھا۔

ذرائع کے مطابق، قاسم اور سلیمان نے اپنے دورۂ امریکہ کے دوران متعدد اہم کانگریس اراکین سے ملاقاتیں کیں جن میں بریڈ شرمین، مائیک لیون، گریگوری میکس، جم کوسٹا، ٹیڈ لیو، بلی سن اور دیگر شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے پاکستان میں انسانی حقوق، سیاسی آزادی اور اپنے والد کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

اگرچہ انہیں امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے ملاقات کا موقع نہیں ملا، تاہم ان کا دورہ سیاسی اور سفارتی حلقوں میں توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ قاسم اور سلیمان کی جانب سے امریکی قانون سازوں کو بریفنگ دی گئی جسے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ان کا مقصد اپنے والد کی رہائی کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنا اور پاکستان میں جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا تھا۔ ذرائع کے مطابق، بانیٔ تحریک انصاف نے اپنے بیٹوں کو موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر پاکستان نہ آنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان پاکستان آ کر عوامی رابطہ مہم شروع کرنا چاہتے تھے، تاہم سیکیورٹی خدشات اور موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث انہیں فی الحال انتظار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

یہ دورہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سیاسی حالات پر توجہ مبذول کرانے کی ایک کوشش ہے، بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خاندان کی طرف سے سیاسی جدوجہد جاری ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button