پاکستانتازہ ترین

اگست میں معمول سے زائد بارشوں کی خوشخبری، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

اسلام آباد: ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث شہریوں کو موسمی تپش سے ریلیف ملا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اگست میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کرکے کسانوں اور ماحولیاتی ماہرین کے لیے خوشخبری سنا دی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی میں ملک بھر میں مجموعی طور پر 25 فیصد زائد بارشیں ہوئیں، تاہم سندھ میں نسبتاً کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگست میں بھی مون سون کی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "جاری بارشوں کا اسپیل مزید دو روز تک جاری رہے گا، جس کے بعد اگست میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جو ملکی آبی ذخائر کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔”

ادھر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر سیلابی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران گلگت، اسکردو، ہنزہ اور شگر میں بارش کا امکان ہے، جبکہ مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی 31 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اگرچہ بارشوں سے بعض مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات موجود ہیں، تاہم یہ بارشیں زرعی شعبے، زیر زمین پانی کی سطح اور مجموعی موسمی صورتحال کے لیے انتہائی مفید تصور کی جا رہی ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button