
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی و جمہوری طریقوں سے ان کی حکومت کو گرانا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کے پاس نہ اہلیت ہے نہ حیثیت کہ وہ ایسی کوششوں میں کامیاب ہو سکیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی مفلوج ہے اور اس وقت جو جنگ لڑی جا رہی ہے، وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں ایک حق و سچ کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف 2016 سے جاری مقدمہ سراسر جھوٹ اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے، جس میں ان پر اسلحہ اور بوتلیں ڈالنے کا الزام لگایا گیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اس موقع پر موقعے پر موجود ہی نہیں تھے اور نہ ہی وہ گاڑی ان کی تھی۔
گنڈاپور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ سے قانون کا احترام کرتی آئی ہے، اور ہم عدالتوں کا سامنا کرنے سے نہیں گھبراتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو ہر ضلع، ہر حلقے سے عوام باہر نکلے گی اور وہ خود خیبرپختونخوا میں احتجاج کی قیادت کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا:
"یہ لوگ کیسز کو لٹکاتے ہیں، سچ کا راستہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر ہماری جنگ حق کی ہے اور یہ جنگ ہم ہی جیتیں گے۔”
وزیراعلیٰ نے مخالفین کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو سیاسی اور جمہوری طریقے سے میدان میں آئیں، غیر قانونی ہتھکنڈوں سے حکومتیں گرانے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔