
بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) – چین کے دارالحکومت بیجنگ اور گرد و نواح میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ شمالی علاقوں سے 80 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
برطانوی خبر رساں اداروں کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان بیجنگ کے شمال مشرقی ضلع "می یُن” میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں کئی مکانات تباہ اور سڑکیں بہہ گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
سیلاب کے باعث متعدد دیہاتوں کی بجلی معطل ہو گئی ہے جبکہ کئی سڑکیں اور پل ٹوٹنے سے رابطے منقطع ہو چکے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے ہنگامی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہنے کا امکان ہے، اور متاثرہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔