
واشنگٹن (غیر ملکی خبر رساں ادارے) – کولمبیا یونیورسٹی کے بعد اب ہارورڈ یونیورسٹی نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے مالی ادائیگی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی نے تنازع ختم کرنے کے لیے 500 ملین ڈالر وقف کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم حتمی مالی شرائط پر مذاکرات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اپریل میں امریکی محکمہ تعلیم نے ہارورڈ یونیورسٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد نہیں کیا، جس کے نتیجے میں اس کی 2.2 ارب ڈالر کی وفاقی امداد روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ کولمبیا یونیورسٹی کی طرز پر تمام بڑی جامعات کو وفاقی فنڈنگ برقرار رکھنے کے لیے جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔ اس سے قبل کولمبیا یونیورسٹی بھی حکومتی دباؤ کے بعد ایک معاہدے پر رضامند ہو چکی ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی نے حالیہ معاہدے کے تحت آئندہ تین سال میں امریکی حکومت کو 200 ملین ڈالر کی ادائیگی پر اتفاق کیا ہے۔ یہ معاہدہ اس وقت سامنے آیا جب وفاقی ایجنسیوں نے یونیورسٹی پر یہودی طلباء کی ہراسانی سے متعلق ناکافی اقدامات کا الزام عائد کیا تھا۔ اس تنازع کے باعث یونیورسٹی کی 400 ملین ڈالر کی وفاقی امداد بھی معطل کر دی گئی تھی۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے تازہ اقدام کو تعلیمی اداروں اور حکومت کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک بڑا موڑ قرار دیا جا رہا ہے، جو امریکا کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پالیسی، آزادی اظہار اور فنڈنگ کے درمیان توازن پر نئی بحث چھیڑ سکتا ہے۔