پاکستانتازہ ترین

مون سون الرٹ: ملک بھر میں بارشیں کب تک جاری رہیں گی؟ این ڈی ایم اے نے خبردار کر دیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 28 جولائی سے 31 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات اور تیاریوں کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم ایز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے اور مشینری و عملہ تیار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پنجاب میں متوقع متاثرہ علاقے:
سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور، نارووال، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان، جہاں شدید سے درمیانے درجے کی بارشیں متوقع ہیں، جب کہ پہاڑی علاقوں کے برساتی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں متاثرہ علاقے:
کوہستان، سوات، ملاکنڈ، دیر، بونیر، پشاور، مردان، نوشہرہ اور ایبٹ آباد میں طغیانی اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے کابل، دریائے سوات، پنجکوڑہ، بارہ اور کلپانی نالہ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر:
گلگت، اسکردو، ہنزہ، شگر، وادی نیلم، باغ اور مظفرآباد میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی ہدایات:
تمام اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے، خطرناک علاقوں میں گشت بڑھانے اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

نقصانات کی رپورٹ:
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 28 جولائی کے دوران ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 281 افراد جاں بحق اور 675 افراد زخمی ہوئے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button