پاکستانتازہ ترین

چینی کے ذخائر پر کڑی نگرانی کا فیصلہ، ہر شوگر مل پر سرکاری افسر تعینات کیے جائیں گے

اسلام آباد: حکومت نے چینی کی قیمتوں میں استحکام اور وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملک بھر کی تمام شوگر ملز کے اسٹاکس کی سخت نگرانی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ہر شوگر مل پر سرکاری افسران تعینات کیے جائیں گے جو چینی کے ذخائر کی صورتحال کو مانیٹر کریں گے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور چاروں صوبوں سے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حکومت چینی کے ذخائر، طلب و رسد اور قیمتوں پر نظر رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنا رہی ہے تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت چینی کی قیمت میں استحکام لانے اور منڈی میں وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدوں کی خلاف ورزی یا کسی قسم کی لاپروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت صنعت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور شوگر انڈسٹری کو درپیش جائز مسائل کا حل بھی مل جل کر نکالا جائے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button