
پشاور (نمائندہ خصوصی)
قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر الزام عائد کیا ہے کہ نگران حکومت کے دوران انہوں نے 450 ارب روپے کی خراب گندم درآمد کی، جس میں اربوں روپے کا غبن کیا گیا۔ عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ اس اسکینڈل پر نیب کو کارروائی کرنی چاہیے۔
پشاور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ محسن نقوی پہلے اپنے دور کا حساب دیں، پھر دوسروں کو دھمکیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم اسکینڈل سے قومی خزانے کو بڑا نقصان پہنچا ہے، اس کا حساب دینا ہوگا۔
"رانا ثنا اللہ کو اے این ایف کیس کا جواب دینا ہوگا”
عمر ایوب نے سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیں دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے منشیات کیس کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا، "اگر وہ بے گناہ ہیں تو ڈی جی اے این ایف سے معافی منگوائیں، اور اگر ثبوت نہیں تو پھر قوم کے سامنے وضاحت کریں۔”
چینی بحران پر شریف خاندان اور زرداری پر الزامات
عمر ایوب نے مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے، مخصوص کاروباری مفادات کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شریف خاندان اور زرداری کی ملز نے چینی بحران سے اربوں روپے کمائے۔ پہلے پانچ لاکھ ٹن چینی برآمد کی گئی اور اب وہی چینی مہنگے داموں باہر سے منگوائی جا رہی ہے۔
"5 اگست کو ملک گیر احتجاج ہوگا”
عمر ایوب نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف 5 اگست کو احتجاج کر رہی ہے اور اس حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج میں دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی شامل ہوں گی، اور لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور کسی کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
تیراہ واقعے کی مذمت اور آپریشن پر تحفظات
عمر ایوب نے خیبر کے علاقے تیراہ میں عام شہریوں پر فائرنگ کی مذمت کی اور اس واقعے کی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں آپریشن کی مخالفت کی گئی تھی اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ ضم اضلاع میں پولیس فورس آگے ہوگی اور دیگر ادارے بیک اپ پر۔
بلوچستان میں پیٹرول اسمگلنگ پر تشویش
عمر ایوب نے انکشاف کیا کہ ایران سے بلوچستان میں 450 ارب روپے کا پیٹرول اسمگل ہو رہا ہے، جس سے ملک کو شدید مالی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایف بی آر اور متعلقہ ادارے اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں اور کس کی سرپرستی میں یہ اسمگلنگ ہو رہی ہے۔