
اداکارہ علیزے شاہ کا دعویٰ: ’’قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار منسا ملک ہو گی‘‘
کراچی:
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نوجوان اور متنازع اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، اس بار ایک سنجیدہ الزام کے ساتھ۔ علیزے شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ساتھی اداکارہ منسا ملک کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک حالیہ ویڈیو پیغام میں علیزے شاہ نے کہا کہ منسا ملک نہ صرف انہیں قتل کی دھمکیاں دے رہی ہیں بلکہ ان کا نمبر ایک مشکوک شخص کو بھی فراہم کر چکی ہیں۔ اداکارہ نے مختلف چیٹ کے اسکرین شاٹس اور ویڈیو کلپس بھی شیئر کیے جن میں مبینہ طور پر دھمکی آمیز رویے کو ظاہر کیا گیا ہے۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں سنگین الزامات
ایک انسٹاگرام اسٹوری میں علیزے نے لکھا:
"وہ مجھے مختلف نامعلوم نمبرز سے کالز کر رہی ہے اور قتل کی دھمکیاں دے رہی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو جان لیں کہ یہ اسی میسنی کا کام ہے۔”
ایک اور اسٹوری میں علیزے شاہ نے ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:
"تین سال پہلے بھی اس گھٹیا عورت نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی تھی۔ میں نے آج تک جو کمایا عزت اور حلال کا کمایا، لیکن جو خود حرام کھاتا ہے، اسے نہ خدا کا خوف ہوتا ہے نہ زوال کا۔”
مداحوں کا ردعمل
سوشل میڈیا پر علیزے شاہ کے بیانات کو بھرپور توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ کئی مداحوں نے ان کی جرأت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ "اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ایک بہادر عورت کی نشانی ہے۔”
تاہم منسا ملک کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پس منظر
علیزے شاہ حالیہ دنوں میں اپنے سوشل میڈیا بیانات، ویڈیوز اور سابقہ اسکینڈلز کی وضاحتوں کے باعث خبروں میں ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر شوبز انڈسٹری میں ہونے والی ناانصافیوں، حسد، اور کردار کشی کی مہم کے خلاف آواز بلند کر چکی ہیں۔