کھیل

ناروے کپ 2025 کا آغاز، پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کا پہلا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر

اوسلو (ناروے):
دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ایونٹ ناروے کپ 2025 کا شاندار آغاز ہو گیا۔ افتتاحی روز پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا پہلا میچ 1-1 گول سے برابر کر لیا۔

پاکستانی ٹیم نے پہلے ہاف میں زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے سبقت حاصل کی، تاہم میچ کے آخری لمحات میں موڈیم ایف سی نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔ میچ کا اختتام سنسنی خیز لمحات کے ساتھ ہوا، جس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

پاکستان کی یہ نمائندہ ٹیم فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز کے تحت اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے انڈر-17 نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو غربت اور محرومی کے باوجود میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

ناروے کپ میں 30 سے زائد ممالک کی 2,000 سے زیادہ ٹیمیں شریک ہیں، اور اوسلو کے 90 مختلف گراؤنڈز پر مقابلے جاری ہیں۔ ٹورنامنٹ کو ناروے کی 100 سے زائد نوجوانوں کی بہبود کی تنظیموں کی انجمن نیشنل کونسل آف نارویجن چلڈرن اینڈ یوتھ آرگنائزیشن منظم کر رہی ہے۔

یہ عالمی ایونٹ نوجوانوں کو کھیل، ہم آہنگی، ثقافتی تبادلے اور خود اعتمادی کے مواقع فراہم کرتا ہے، اور دنیا بھر سے شریک ٹیمیں اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کرتی ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی اگلی پرفارمنس کے لیے قوم کی دعائیں اور امیدیں ان نوجوان ستاروں کے ساتھ ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button