اوورسیزتازہ ترین

ایران اور افغانستان کا غزہ کی صورتحال پر او آئی سی اجلاس بلانے کا مطالبہ

تہران / کابل:
ایران اور افغانستان نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر فوری اور متحد اسلامی ردعمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اتوار کے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری جنگی جرائم اور فلسطینی عوام کی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ایرانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالم اسلام کو غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک مؤثر، متحد اور عملی حکمتِ عملی اختیار کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

رابطے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ امور، خصوصاً ایران کے آبی حقوق، سرحد پار تعاون، قونصلر سرگرمیوں اور افغان مہاجرین کی واپسی میں سہولیات فراہم کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

ایجنسی کے مطابق، ایران اور افغانستان نے خطے میں پائیدار مذاکرات اور توسیع شدہ تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ باہمی مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ میں اب تک 71 مزید فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ غذائی قلت اور ادویات کی کمی کے باعث 127 فلسطینی، جن میں 85 معصوم بچے شامل ہیں، بھوک سے دم توڑ چکے ہیں۔

اسلامی دنیا کی قیادت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر موثر اقدامات کرے تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کی جا سکے اور خطے میں انسانی بحران کو روکا جا سکے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button