پاکستانتازہ ترین

عدم اعتماد ہمارا جمہوری حق ہے، اب کر کے دکھائیں گے: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ عدم اعتماد ایک جمہوری حق ہے، اور اگر سینیٹرز بنا کر دکھا سکتے ہیں تو اب عدم اعتماد لا کر بھی دکھائیں گے۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون و امن کی صورتحال تشویشناک ہے، مگر صوبائی حکومت اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں گورنر نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اگر صوبائی حکومت چاہے تو فوج یا ایف سی کی مدد لے سکتی ہے، لیکن صورتحال بگڑنے کے باوجود وزیراعلیٰ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
"کرم میں ایک سال سے حالات خراب ہیں، لیکن کوئی سنجیدہ اقدام نہیں لیا گیا،” انہوں نے کہا۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پر الزام عائد کیا کہ اگر وہ لوگوں کو گرفتار کر کے دباؤ پر چھوڑتے ہیں تو یہ ان کی کمزور حکمرانی کی علامت ہے۔
"اگر آپ کی رٹ نہیں، تو بہتر ہے استعفیٰ دے دیں، اور دوسروں کو موردِ الزام ٹھہرانا بند کریں،” گورنر نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس باصلاحیت ضرور ہے، مگر انہیں وسائل اور سازوسامان فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اگر فوج کی مدد نہیں لینی، تو پولیس کو مکمل طور پر بااختیار اور باوسائل بنانا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں اہم معاملات پر کوئی مؤثر بحث نہیں ہوتی، جبکہ مسائل کے حل کے لیے مرکز اور صوبے کو ایک پیج پر آنا ضروری ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے 5 اگست کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی شوشہ ہے، کچھ نہیں ہوگا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button