پاکستانتازہ ترین

تیراہ واقعہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وادی تیراہ میں جرگے پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی افراد کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 25 لاکھ روپے فی کس مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ واقعے کے بعد قبائلی مشران اور عوامی نمائندوں کا ایک اہم جرگہ پشاور طلب کر لیا گیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کے جذبات اور تحفظات کو براہِ راست سنا جا سکے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت مقامی روایات اور مشاورت کے عمل کو اہمیت دیتی ہے، اسی سلسلے میں آئندہ ہفتے سے ڈویژنل اور بعد ازاں صوبائی سطح پر قبائلی عمائدین اور مشران کے ساتھ جرگوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا تاکہ پائیدار امن، بین الاقوامی روایات اور عوامی اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button