پاکستانتازہ ترین

خطرناک علاقوں میں ہائی ویز پر سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ چوکیاں قائم کی جائیں گی ،آئی جی خیبر پختونخوا

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے کے حساس اور خطرناک علاقوں میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ بعض ہائی ویز ایسے علاقوں سے گزرتی ہیں جہاں سیکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں، جن پر طالبان کی نقل و حرکت کی اطلاعات ملتی رہتی ہیں۔

آئی جی کے مطابق پولیس ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف فوری کارروائی کرتی ہے اور ان عناصر کو روکا جاتا ہے۔ تاہم اس مسئلے کا مستقل حل چوکیاں قائم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹانک تا ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) روڈ پر چوکیاں قائم کرنے کی اسکیم منظور ہو چکی ہے، اور فنڈز دستیاب ہوتے ہی اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ درازندہ اور بلوچستان جانے والے راستوں پر بھی چوکیاں قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انٹری پوائنٹس پر سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جا سکے۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے خوش خبری دی کہ موٹر وے پر ایک سال سے بند پیٹرولنگ کو دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ سفر محفوظ بنایا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ کرم ایجنسی میں اب حالات مکمل طور پر معمول پر آ چکے ہیں، تمام بنکرز ختم کیے جا چکے ہیں اور ٹل-پاڑا چنار روڈ کی حفاظت کے لیے "روڈ پروٹیکشن فورس” متحرک ہے۔

یہ اقدامات صوبے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کی جانب ایک مثبت قدم ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button