
میک اپ کا حد سے زیادہ استعمال: خواتین میں بڑھاپے میں دمے کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، تحقیق
واشنگٹن (سائنس و صحت نیوز ڈیسک) — ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ میک اپ کی مخصوص مصنوعات کا مسلسل اور زیادہ استعمال خواتین میں بعد کی عمر میں دمے (Asthma) جیسے مرض کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔
یہ تحقیق امریکا کے نیشنل ہارٹ، لنگ اینڈ بلڈ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کی گئی، جس میں 40 ہزار سے زائد خواتین کے طویل مدتی میک اپ عادات اور ان کی صحت پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
لپ اسٹک اور بلش سے 18%، مکمل میک اپ استعمال سے 47% خطرہ!
تحقیق کے مطابق:
وہ خواتین جو لپ اسٹک، آئی شیڈو، مسکارا، نقلی ناخن، بلش اور کیوٹیکل کریم کا باقاعدگی سے استعمال کرتی تھیں، ان میں دمے کا خطرہ 47 فیصد زیادہ پایا گیا۔
صرف بلش اور لپ اسٹک کا استعمال اگر ہفتے میں پانچ یا زیادہ بار کیا جائے، تو دمے کے امکانات میں 18 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
کیمیکلز ہوسکتے ہیں اصل وجہ
محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق سے یہ تو ثابت نہیں ہوتا کہ صرف میک اپ کرنے سے دمہ ہوتا ہے، تاہم یہ بات ضرور سامنے آئی کہ ان مصنوعات میں پائے جانے والے مشترکہ کیمیکل ممکنہ طور پر سانس کی بیماریوں سے جُڑے ہو سکتے ہیں۔
"یہ تعلق براہِ راست نہیں، بلکہ بیوٹی پراڈکٹس میں شامل کچھ مخصوص کیمیکل جیسے phthalates اور volatile organic compounds (VOCs)، اس بیماری کے امکانات کو بڑھا سکتے ہیں،” تحقیق میں شامل سائنس دانوں کا کہنا تھا۔
12 سالہ ڈیٹا، 41 بیوٹی مصنوعات کا تجزیہ
یہ نتائج معروف سائنسی جریدے "انوائرنمنٹ انٹرنیشنل” میں شائع ہوئے، جس میں 12 سال پر محیط ڈیٹا استعمال کیا گیا۔ تحقیق نے 41 مختلف بیوٹی مصنوعات کے استعمال اور ان کے طویل مدتی اثرات کو بنیاد بنایا۔
احتیاط بہتر ہے
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ خواتین کو میک اپ مصنوعات کے انتخاب میں احتیاط برتنی چاہیے، خاص طور پر ان اشیاء سے پرہیز کرنا چاہیے جن میں مضرت رساں کیمیکل شامل ہوں، اور ہمیشہ معیاری و ٹیسٹ شدہ مصنوعات کا استعمال کرنا چاہیے۔