پاکستانتازہ ترین

پنجاب میں مون سون کا نیا اسپیل: پی ڈی ایم اے کا الرٹ، شہری ہوشیار رہیں

لاہور (27 جولائی): پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں اسپیل کل 28 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے عوام کو پیشگی خبردار کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جن میں مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ کمزور اور خستہ حال مکانات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس ضمن میں عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ و محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں۔

پنجاب بھر میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مقامی سطح پر ممکنہ صورتحال کے لیے تیار رہیں۔ ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1129 یا ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button