
واشنگٹن: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سیاست میں آنے سے پہلے ان کے پاس چندہ لینے آتے تھے۔
یہ بات انہوں نے امریکہ کے دورے پر امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل میں خطاب کے دوران کہی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2014 میں تحریک انصاف نے 120 دن کا دھرنا دیا، جس کی وجہ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی عوامی لیڈر ہے تو اسے یہ حق حاصل نہیں کہ وہ سکیورٹی اداروں یا تنصیبات پر حملہ کرے۔ وزیر خارجہ نے نواز شریف کی دہشت گردی کے خلاف کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بعد کی حکومتوں نے کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے سرحدیں کھول دیں، اور عمران خان کی حکومت نے 100 سے زائد مجرموں کو رہا کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران سرحدیں کھولنے کی وجہ سے 30 سے 40 ہزار طالبان پاکستان میں واپس آ گئے اور دوبارہ سے سرگرم ہو گئے، جو کہ ایک افسوسناک فیصلہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے لیے سرحدیں نہیں کھولنی چاہئیں تھیں۔