تازہ ترینسائنس ٹیکنالوجی

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی ٹیم چھٹے کیبو روبوٹ پروگرامنگ چیلنج 2025 کے فائنل میں کوالیفائی

اسلام آباد: پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی معاونت سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طلباء نے چھٹے کیبو روبوٹ پروگرامنگ چیلنج (Kibo-RPC) 2025 کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

یہ بین الاقوامی روبوٹکس مقابلہ جاپانی کیبو ماڈیول میں واقع بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر منعقد ہوتا ہے اور اس کا انعقاد جاپانی خلائی ایجنسی اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے خلائی امور کے اشتراک سے کیا جاتا ہے۔ اس سال دنیا بھر سے 51 ٹیموں نے اس چیلنج میں حصہ لیا، جن میں سے نسٹ کی ٹیم "5AM” نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر 13 بہترین ٹیموں میں جگہ بنائی۔

فائنل راؤنڈ میں منتخب ٹیمیں آئی ایس ایس پر فری-فلوٹنگ روبوٹس کو پروگرام کریں گی تاکہ وہ مائیکرو گریویٹی کے ماحول میں پیچیدہ خودکار مشن انجام دے سکیں۔ یہ مقابلہ طلباء کو خلائی ٹیکنالوجی میں عملی تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ قومی صلاحیتوں کو بھی فروغ دیتا ہے۔

سپارکو کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ "سپارکو تعلیمی اداروں اور نوجوانوں کو عالمی خلائی پلیٹ فارمز تک رسائی فراہم کر کے پاکستان میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔”

یہ کامیابی نہ صرف نسٹ کے طلباء کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ پاکستان کی خلائی تحقیق اور تعلیم کے لیے بھی باعث فخر ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button