
ماہواری سے قبل خواتین میں میٹھے کھانوں کی خواہش کیوں بڑھتی ہے؟ تحقیق سے دلچسپ انکشاف
ایریزونا: خواتین جب ماہواری سے پہلے جذباتی اتار چڑھاؤ، تھکن اور جسمانی تبدیلیوں کا سامنا کرتی ہیں، تو اس دوران اکثر انہیں چاکلیٹ، میٹھے اور کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور کھانوں کی شدید خواہش ہوتی ہے۔ اس دلچسپ مظہر کے پیچھے سائنس کیا کہتی ہے؟ ایریزونا یونیورسٹی میں غذائی ماہر حیاتیات، سری دیوی کرشنن اور ان کی ٹیم نے اس سوال کا سائنسی جائزہ لیا ہے۔
تحقیق کے مطابق، ماہواری سے قبل خواتین کے ہارمونز میں نمایاں تبدیلی آتی ہے، خصوصاً ایسٹروجن اور پروجیسٹرون کی سطحیں بلند ہو جاتی ہیں۔ انہی دنوں میں ایسٹراڈیول اور لیپٹین جیسے ہارمونز کے درمیان مخصوص تناسب دماغ کو متاثر کرتا ہے، جو کہ کھانے کی خواہشات کو بڑھا دیتا ہے۔
سری دیوی اور ان کی ٹیم نے 18 سے 30 سال کی عمر کی 17 خواتین پر کلینیکل ٹرائل کیا، جس میں خون کے نمونے اور غذائی رویے کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا۔ نتائج سے پتا چلا کہ جن خواتین میں ایسٹراڈیول اور لیپٹین کا تناسب بلند تھا، ان میں میٹھے اور کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور خوراک کی خواہش زیادہ دیکھی گئی۔
ایک دلچسپ پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ چاکلیٹ کی خواہش صرف جسمانی نہیں بلکہ ثقافتی اثرات سے بھی جڑی ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، امریکی خواتین نے چاکلیٹ کی زیادہ طلب کی اطلاع دی، جب کہ دیگر جغرافیوں میں یہ رجحان نسبتاً کم دیکھا گیا۔
یہ تحقیق نہ صرف خواتین کی جسمانی و جذباتی تبدیلیوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے بلکہ غذائی مشوروں اور صحت مند معمولات کی تیاری میں بھی معاون ہو سکتی ہے، تاکہ خواتین اپنے جسم کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور صحت مند انتخاب کر سکیں۔